لِلہ تا جہلم ڈیول کیرج وے؛ کام کی رفتار غیر اطمینان بخش ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ طلب کر لی

0 395

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدارت للِہ تا جہلم ڈیول کیرج اور جلالپور ایریگیشن کنال پر جاری کام کی رفتار اور فنڈز کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر صاحب دین، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ڈائریکٹر جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ صدف علی اور ایس ڈی او ہائی وے نے شرکت کی۔

لِلہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر بریفننگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ منصوبے کے تین ترجیحی سیکشنز چوٹالہ تا مصری موڑ، مصری موڑ تا پننوال اور لِلہ انٹرچینج تا پنڈدادنخان کی 64 کلومیٹر سڑک کو اپریل تک جزوی طور پر مکمل کر کہ ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے ان 3سیکشنز میں شامل زیادہ تر پلوں کو مکمل کر دیا گیا ہے باقی رہ جانے والے پل بھی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ لِلہ انٹرچینج تا پنڈدادنخان سیکشن پر کام کی رفتار غیر اطمینان بخش ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے کنٹریکٹر اور ایکسین سے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ طلب کر لی۔

ڈائریکٹر جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ صدف علی نے بتایا کہ کنال منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے منصوبے کے 35 فیصد کام کو مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی کام بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو بڑھا کر ڈیول کیرج وے منصوبے کے ترجیحی سیکشنز کو جلد مکمل کیا جائے، ایک ماہ کے اندر موجودہ فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ منصوبے میں آنے والی واٹر سپلائی سکیموں کو متاثر نہ کیا جائے اور نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کوبہتر بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے دونوں منصوبوں پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبوں میں اعلیٰ کوالٹی میٹریل کا استعمال یقینی بنانے اور اہداف کے مطابق کام کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.