ٹرک، ٹریکٹر اور ٹرالرز کی جہلم شہر کی سڑکوں پر دوڑ شہریوں کے لئے وبال جان بن گئیں

جہلم: انتظامیہ کی پابندی کے باوجود اندرون شہر داخل ہونے والے ٹرک ٹریکٹر اور ٹرالرز کی شہر کی سڑکوں پر دوڑ، شہریوں کے لئے وبال جان بن گئیں، نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہونے لگیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موت کے کھیل کو روکنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر میں بھاری گاڑیوں جن میں ڈمپرز سا مان سے بھرے ٹرک، ٹریکٹر اور ٹرالرز سڑکوں پر دوڑتے نظر آتے ہیں، ڈرائیورز کی لاپرواہی سے متعدد گھروں کے چراغ گل ہو چکے ہیں ، رات کے وقت ڈمپرز ڈرائیوروں کے ساتھ موجود ہیلپرز کا گاڑیاں چلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
اندرون شہر کی سڑکوں پر سے گزرنے والی بھاری گاڑیاں جن میں ڈمپرز، ٹرک ٹرالرز اور ٹریکٹر ٹرالیاں وغیرہ شامل ہیں، شہر میں داخل ہوتے ہی ایک دوسرے کے ساتھ ریسیں لگا کر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے چکر میں دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے موٹر سائیکلوں، چھوٹی گاڑیوں کا شہر کی سڑکوں پر سے گزرنا محال ہو جاتا ہے جبکہ آئے روز حادثات میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
رات کے اوقات میں کام کاج سے فارغ ہو کر گھروں کو جانے والے شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی گاڑیوں کے شہرکی سڑکوں پر آنے جانے کا طریقہ کار انتہائی غیر مناسب ہے، انتظامیہ کو چاہیے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر لوہے کے بیرئیر نصب کریں تاکہ بھاری گاڑیاں شہر میں داخل نہ ہو سکیں ۔
اس طرح شہریوں کی زندگیاں اور کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں محفوظ بنائی جاسکتی ہیں، رات کو ڈمپرز، ٹرک، ٹریکٹر اور ٹرالرز وغیرہ اندرون شہرکی سڑکوں پرلائنوں میں تیز رفتاری کے ساتھ چلتے دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے رات کے وقت شہریوں کو اندرون شہر کی سڑکوں پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے، شہر کی سڑکیں دوبارہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں داخل ہو نیوالے ڈمپرزاور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر لوہے کے بیرئیر نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔