جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، شہری پریشان

جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، مجموعی اجناس کی پیداوار میں کمی ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ہر ایک کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے، پھل فروٹ اور سبزیاں مہنگی ہونے پر عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جہاں ہوشربا مہنگائی میں لوگوں کی قوت خرید کم اور اخراجات بڑھ گئے ہیں وہاں فی کس آمدن کے ذرائع بھی کم اور محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن، پنجاب میں چیف منسٹر کی تعیناتی کا عمل، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں ن لیگ، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی کے سیاسی جلسے جلوس ہورہے ہیں جبکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، قصور کس کا اور مورد الزام کس کو ٹھہرایا جائے، پاکستان کی معیشت کمزور اور سرمایہ دار طبقہ امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 32 فیصد کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ، منڈی میں سبزیوں کے نرخ دو گنے ہو گئے ہیں ، مٹر 90 روپے کلو، بیگن 70 روپے کلو، ٹماٹر 70 روپے کلو، پیاز 2 سو روپے کلو، لہسن 3 سو، ادرک 3 سو 50 روپے، پھول گو بھی 60 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں سامان کی سپلائی کم اورمال مہنگا ہونے کی وجہ سے اشیاء کی قیمتیں بڑھانا پڑتی ہیں۔