ضلع جہلم کے سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا

0 342

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے عوام کے لئے بہترین علاج معالجے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا، میڈیکل ریپ کے ذریعے ڈاکٹر ز من مانے میڈیکل سٹوروں پر ادویات رکھوانے کی اطلاعات ہیں۔

مریضوں کو اسی میڈیکل سٹور سے ادویات لانے کو کہا جاتا ہے جہاں ڈاکٹر وں نے ادویات رکھی ہوئی ہوتی ہیں، ڈاکٹرز جو ادویات لکھتے ہیں اگر وہ ہسپتال سے نہیں ملتی توعملہ مریضوں کو ڈاکٹرز کے پسندیدہ میڈیکل سٹور کا راستہ دیکھادیتے ہیں۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت کے بیشتر ملازمین نے متعلقہ افسران کی آشیرباد پر اپنے آبائی علاقوں میں کلینکس کھول رکھے ہیں جہاں سرکاری ادویات جن پر ناٹ فارسیل درج ہوتا ہے انہیں چھوٹی چھوٹی شیشیوں میں بھر کر مریضوں کو تھما دی جاتی ہیں اور اس طرح من مرضی کے پیسے وصول کر لئے جاتے ہیں ۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کو چاہیے کہ صبح کے اوقات کی بجائے سیکنڈ ٹائم کھلنے والے عطائی ڈاکٹروں کے کلینکس کا معائنہ کریں کیونکہ بیشترز عطائیوں کو علم ہے کہ دفتری اوقات کے بعد کسی قسم کی کوئی چیکنگ نہیں ہوتی ہے اور چھٹی والے دن بھی محکمہ صحت کا عملہ چیکنگ نہیں کرتا۔

محکمہ صحت کے ارباب اختیار کو چھٹی کے دنوں اور دفتری اوقات کے بعد عطائیوں کے کلینکس پر چھاپے مارنے چاہیے تاکہ انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے نیم حکیموں سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.