مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے غریب اور سفید پوش متوسط طبقہ کے ہوش اڑا دیئے

جہلم: مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے غریب اور سفید پوش متوسط طبقہ کے ہوش اڑا دیئے۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے برائلر مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کی سوشل میڈیا مہم کی بھر پور تائید کردی۔ شہرمیں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 2 دن میں 150 سے 200 روپے فی کلو گرام ہوشربا اضافے نے غریب اور سفید پوش متوسط طبقہ پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔
اس حوالے سے شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں بے تحاشہ اضافے کے باعث شہری سستی پروٹین سے بھی محروم ہو چکے ہیں، اس وقت مرغی کا گوشت اندرون شہر 584 سے 600 روپے فی کلو جبکہ مضافاتی علاقوں میں 650 روپے فی کلو گرام تک فروخت کیا جارہا ہے۔
تنظیموں کے عمائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کرے تاکہ ارزاں نرخوں پر اشیاء ضروریہ مہیا ہو سکیں۔