ٹریفک پولیس لائسنسنگ برانچ جی پی او کی طرف ڈرائیونگ ٹکٹس کی عدم دستیابی پر عارضی طور پر بند

جہلم: ٹریفک پولیس لائسنسنگ برانچ جی پی او کی طرف سال 2023ء کے ڈرائیونگ ٹکٹس کی عدم دستیابی پر عارضی طور پر بند۔ نئے سال کے ٹکٹ کی دستیابی تک لائسنسنگ برانچ میں تعینات سٹاف کوبھی کم کر کے مری بھجوا دیا گیا، پڑھے لکھے نوجوانوں کا وزیراعظم پاکستان سے نئے سال2023ء کے ڈرائیونگ ٹکٹس جاری کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی لائسنس برانچ میں سال 2023ء کے ڈرائیونگ لائسنس کے ٹکٹس کی عدم دستیابی کیوجہ سے عارضی طور پر سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں اور ٹریفک پولیس کے عملے کو ضلع جہلم میں تعینات کرنے کی بجائے مری بھجوا دیا گیا ہے۔
ڈرائیونگ ٹکٹس کی عدم دستیابی کے باعث ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق ٹریفک دفتر سمیت تحصیلوں میں موجود خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام امور کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور لائسنسنگ برانچ میں تعینات عملے کو کم کر کے اضافی نفری کو ضلع جہلم میں تعینات کرنے کی بجائے مری بھجوا دیا گیا ہے جو کہ ضلع جہلم کے عوام کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے ۔
ٹریفک پولیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کے چوک چوراہے اور اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین تعینات نہ ہونے کیوجہ سے طویل دورانئے تک سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں جس کے لئے شہریوں کو خود راستے کھلوانا پڑتے ہیں۔
شہریوں نے آر پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم سے بھجوائے جانے والے 3 درجن سے زائد ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین کو واپس بھجوایا جائے تاکہ شہریوں کوپیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔