جہلم کچہری میں عدالتی ٹکٹوں کا بحران شدت اختیار کر گیا، سائلین اور شہری شدید مشکلات کا شکار

جہلم: ضلع کچہری میں عدالتی ٹکٹوں کا بحران شدت اختیار کرنے سے سائلین اور شہری شدید مشکلات کا شکار، پچھلے 6 ماہ سے ضلع کچہری میں کم مالیت کے عدالتی ٹکٹ ناپید ہونے اور ٹکٹوں کی قلت سے سائلین کو کیسسز دائر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا۔
زیر سماعت سینکڑوں مقدمات میں وکلاء حلف نامے بھی داخل کروانے سے قاصر، عدالتوں میں زیر سماعت ہزاروں مقدمات کے ملزمان، مدعی اور عام سائلین کے مطابق مختلف مالیت کے عدالتی ٹکٹس پچھلے 6 ماہ سے ناپید ہیں، متعلقہ حکام کو ٹکٹوں کی عدم دستیابی بارے متعدد بار توجہ دلائی گئی لیکن ہر مرتبہ یہی جواب ملتا ہے کہ ٹکٹ نہیں آ رہے۔
سائلین اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کچہری سمیت چاروں تحصیلوں میں ٹکٹوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ سائلین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔