بلاول بھٹو زرداری عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتر رہے ہیں۔ چوہدری تسنیم ناصر

جہلم: پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری تسنیم ناصر اقبال نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کا 95 ویں سالگرہ کے موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا فضاء جئے بھٹو، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا، بھٹو آج بھی زندہ ہے کہ فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
چوہدری تسنیم ناصر اقبال گجر نے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے جیالوں سے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ملک کی سیاست میں یادگار کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کو جینے کا شعور دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے سیاسی و سفارتی تدبر سے 90 ہزار قیدیوں کو رہا کروایا بلکہ ہزاروں مربع میل زمین واگزار کرائی ،ایٹمی پروگرام کی بنیاد بھی قائد عوام نے رکھی۔
انہوںنے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک بھیجوایا اسی لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں پر آج بھی راج کر رہے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ملک وقوم اور عالم اسلام کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ ایک عظیم رہنما تھے۔
چوہدری تسنیم ناصر اقبال نے کہا کہ ان کے بعد شہید بی بی نے پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھایا ان کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں، شہید بھٹو عوام کی جنگ لڑتے لڑتے تختہ دار پر جھول گئے ، بھٹو شہید آج صرف تاریخ میں ہی نہیں عوام کے دلوں میں بھی زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتر رہے ہیں۔ قائد عوام شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا غریبوں کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر آواز بلند کی اور جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو پاکستانی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جس سے ملک کے غریب عوام نے امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردار ی عوام کی امید ہیں ان کی قیادت میں ملکی مسائل حل ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری تسنیم ناصر اقبال نے کہا کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ جوش و جذ بہ سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر قرآن خوانی بھی کی گئی ۔