ریڈ زون ایریا کے اندر کسی بھی کریش پلانٹ کو کھدائی کرنے کی اجازت نہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

0 279

جہلم: ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ کی زیرصدارت مائننگ لیز اور کریش پلانٹس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر دینہ، اسسٹنٹ کمشنر جہلم، منگلا ڈیم حکام، محکمہ معدنیات، ماحولیات سمیت مائنز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے منگلا ڈیم کی سیکیورٹی اور سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈزون ایریا کے اندر قائم 6 کریش پلانٹس کے این او سی کینسل کرنے اور بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کردیئے، ریڈلائن سے 500 میٹر کے ریڈیس کے اندر قائم 6 کریش پلانٹس کو کھدائی کی اجازت نہیں ہو گی۔

البتہ محکمہ معدنیات اور منگلا ڈیم سیکیورٹی ونگ کی رپورٹ کے بعد انکو صرف کرشنگ کی مشروط اجازت دی جائے گی، کچھ عرصہ قبل منگلا ڈیم سیکیورٹی ونگ کی سروے رپورٹ کے بعد ڈیم سے ڈاون سٹریم 20 کلومیٹر کا ایریا ریڈزون قرار دیا گیا تھا اور تمام قسم کی مائننگ سرگرمیوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڈزون ایریا کے اندر کسی بھی کریش پلانٹ کو کھدائی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور کھدائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ریڈزون کے اندر غیر قانونی کھدائی کو روکنے کے لیے ڈپٹی کمشنر نے جوائنٹ مانٹرنگ سیل قائم کر دیا، جس میں اے سی دینہ، اے سی جہلم، محکمہ معدنیات اور منگلا ڈیم کا نمائندہ شامل ہو گا، منگلا ڈیم سیکورٹی ونگ کھدائی کے حوالے سے سروے کررہا ہے جس میں اس بات کی نشاندھی کی جائے گی کہ ریڈزون سے باہر کتنی گہرائی تک کھدائی کی جاسکتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڈزون کی پٹی اور اس کے باہر قائم کریش پلانٹس ریڈلائن کے اندر کھدائی میں ملوث پائے گئے تو انکے خلاف بلاتفریق سخت قانونی کاررروائی کی جائے گی، این او سی کینسل کرنے کے ساتھ مقدمات کا اندراج کروائے جائیں گے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.