جہلم میں گیس بحران سے شہری پریشان، ایل پی جی مافیا بھی بے لگام ہو گیا

جہلم: گیس بحران سے شہری پریشان، بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی تو کہیں گیس دستیاب ہی نہیں، ایل پی جی مافیا بھی بے لگام ہو گیا، مقررہ نرخوں کی بجائے منافع خور من مانے نرخوں پر ایل پی جی گیس سلنڈرز فروخت کر رہے ہیں جس پر صارفین سراپا احتجاج ہیں۔ موسم سرما میں گیس بحران نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا، گیس پریشر میں کمی اور گیس کی عدم دستیابی، شہریوں کے لیے درد سر بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس نہ ہونے کے برابر ہے، خواتین کو کھانا تیار کرنے میں کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے متعدد علاقے گیس کی سہولت سے محروم ہیںجبکہ محکمہ سوئی گیس ہر ماہ بل وصول کر رہا ہے، گھر کے افراد ناشتے کے بغیر ہی گھروں سے محنت مزدوری کے لئے نکل جاتے ہیں۔
ایک طرف گیس بحران اور دوسری جانب ایل پی جی مافیا بے لگام ہوچکا ہے۔ ایل پی جی مافیا نے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ گیس کی سرکاری قیمت نظر اندازکرتے ہوئے من مانے نرخوں پر فروخت کررہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے جینا محال کر رکھا ہے تو دوسری جانب مہنگی ایل پی جی سے گھریلو صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ضلع بھر میں ایل پی جی مافیا من مانے نرخ وصول کر رہا ہے جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کے لیے سرکاری مشینری کہیں نظر نہیں آتی۔
شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔