یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی ہر شہری کو یکساں فراہمی ختم کردی گئی

جہلم: یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی ہر شہری کو یکساں فراہمی ختم کردی گئی، اب صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیساتھ رجسٹرڈ صارفین کو ٹارگٹڈ سبسڈی ملے گی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی،گھی اور آٹے کے نظرثانی شدہ نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے تحت عام صارف کے لیے گھی، آٹا، چینی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے کر دیا گیا، عام شہریوں کے لیے گھی 75 روپے، چینی 19 روپے فی کلو اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 248 روپے مہنگا کر دیا گیا، عام شہریوں کو چینی 89 روپے فی کلو، گھی 375، آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648 روپے میں ملے گا۔
دوسری جانب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کے لیے چینی 70 روپے فی کلو ہو گی، انہیں 10 کلو آٹا 400 روپے اور گھی 300 روپے میں ملے گا۔ ٹارگٹڈ سبسڈی والے صارفین کو ماہانہ 40 کلو آٹا، 5 کلو چینی اور 5 کلو گھی خریداری کی اجازت ہوگی۔
عام شہریوں کے لیے یہ حد کم کر کے ماہانہ 20 کلو آٹا، 3 کلو چینی اور 3 کلو گھی خریدنے کی اجازت ہوگی۔ بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر صرف 8 لاکھ سے زائد افراد کو سہولت حاصل ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے فیصلے کے باوجود عام شہریوں کو اوپن مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سے سستی اشیا دستیاب ہوں گی۔