سال 2022؛ ریسکیو 1122 جہلم کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، 15 ہزار افراد کو ریسکیو کیا

0 32

جہلم: پنجاب ایمر جنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو1122جہلم نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2022 جاری کر دی ، رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 جہلم نے سال2022 میں مجموعی طور پر 15110 افراد کو ریسکیو کیا۔

انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 جہلم نے سال 2022 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بانی ڈائریکٹر جنرل / سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کے مطابق سال 2023سیفٹی کا سال ہو گا تا کہ محفوظ معاشرے کے قیام کا مقصد حاصل کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی قیادت میں سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد، کنٹرول روم انچارج صابر حسین، سینئر اکاؤنٹنٹ محمد شیراز، تمام تحصیلوں کے اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور دیگر سینئر آفیشلز نے شرکت کی۔

سال 2022 میں جہلم کے ریسکیورز نے اپنے بلند حوصلے اوربہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو 1122 جہلم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15110 لوگوں کو ریسکیو کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 10474 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ سال 2022 میں اوسط ایمرجنسی رسپانس ٹائم 8منٹ رہا۔

ریسکیو 1122 جہلم کنٹرول روم کو مجموعی طور پر 83606 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے 12909 ایمرجنسی کی کالز تھیں۔ ان میں 2524 روڈ ٹریفک ایکسیڈینٹ، 8215 میڈیکل ایمرجنسی، 368 فائرایمرجنسی، 221 کرائم کیس، 15 ڈوبنے کے واقعات، 9 عمارتیں گرنے کے واقعات اور 1557 متفرق ایمرجنسیز تھیں۔

علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس (PTS) کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں سے 2374 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیاگیا۔

اس موقع پر انچارج ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے جوان کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ ریسکیو 1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم عوام کی فلاح کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد عوام الناس کو بر وقت بہترین ریسکیو سروس مہیا کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں ریسکیو 1122 جہلم کو 40335 غیر ضروری کالز موصول ہوئی ہیں۔لہذا ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس نمبر پر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا کرنے سے کسی مستحق شخص جس کو سروس کی اشد ضرورت ہو،اس کی جان بھی جا سکتی ہے۔

سال 2022 میں ریسکیو 1122 جہلم کی تحصیل دینہ اور سوہاوہ میں باقاعدہ ایمبولینس سروس کا آغاز بھی ہوا اور جہلم میں ریسکیو موٹر بائیک سروس کا آغاز بھی کیا گیا تاکہ گنجان آباد شہری آبادی میں فوری رسپانس کیا جا سکے اور فرسٹ مہیا کی جاسکے۔اس کے علاوہ کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے بلند عمارتوں کا سروے بھی کیا گیا، اور مالکان کو عمارات کی سیفٹی کے قوانین پر عملدرآمد کرنے کے لیے ضروری ہدایات دی گئیں تاکہ بلند عمارتوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

علاوہ ازیں مختلف اداروں، سکولز، کالجز اور یونین کونسلز کی سطح فرسٹ ایڈ اور کیڈرے کی تربیت دی گئی جن میں شہریوں کو حادثات سے آگاہی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر میڈیکل حادثات سے متعلق تربیت دی گئی۔ اس کے علاوہ قدرتی آفات اور دیگر حادثات سے متعلق فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.