جہلم میں انسولین اور ڈائیلاسز میں استعمال ہونیوالی ادویات کی قلت، بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف

0 21

جہلم: ضلع بھر میں انسولین اور ڈائیلاسز میں استعمال ہونیوالی ادویات کی قلت اور مہنگے داموں بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف ، محکمہ صحت کی جانب سے سب اچھاہے کی رپورٹس ،مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت ضلع بھر میں موجود تمام ہسپتالوں میں انسولین کی وائلز کی قلت ہو چکی ہے جس کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو انسولین مہیا کرنے کی بجائے ٹرخایا جا رہاہے۔

اس حوالے سے مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور اسکے ماتحت کی ناقص حکمت عملی مریضوں کیلئے پریشانی کا باعث بن رہی ہے، ضلع کی چاروں تحصیلوں میں موجود ہسپتالوں میں بھی انسولین وائلز دستیاب نہیں ہیں اورڈائیلاسز میں استعمال ہونیوالی ادویات کی قلت کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں جبکہ جان بچانے والی ادویات کے مہنگے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعظم پاکستان ،چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ انسولین ، سرکاری ہسپتالوں میں مہیا کروائی جائے اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کروائی جائے تاکہ مریضوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.