یوسی چک خاصہ میں تمام موزوں شادی شدہ جوڑوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ حسن خالد وڑائچ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر صدارت محکمہ بہبود آبادی جہلم کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت،تعلیم، اطلاعات کے ضلعی سربراہان، علماء کرام اور ایف پی اے پی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر حسن خالد وڑائچ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے شرکاء کو محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی اور محکمہ کی آگاہی مہم بارے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات کے تحت یونین کونسل چک خاصہ میں تمام موزوں شادی شدہ جوڑوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حاصل شدہ معلومات کے تحت ماں بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی بہترین خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا ایک مربوط نظام وضع کیا جارہا ہے۔ لوکل ایف ایم ریڈیو پر متوازن گھرانے کے حوالے سے ہفتہ وار پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ماں بچے کی صحت، نوجوانوں کو درپیش مسائل کے ساتھ دیگر سماجی پہلوؤں کا احاطہ کیا جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے محکمہ بہبود آبادی جہلم کی کارکردگی اور آگاہی مہم کی سرگرمیوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوام الناس کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی بارے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی فراہمی میں بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دیا جائے۔