جہلم انتظامیہ کی طرف سے اندرون شہر میں قائم جانوروں کے باڑوں کا خاتمہ نہ ہو سکا

جہلم: انتظامیہ کی طرف سے اندرون شہر میں قائم جانوروں کے باڑوں کا خاتمہ نہ ہو سکا، میونسپل کمیٹی پالتو آوارہ جانوروں کے لئے پھاٹک بنانے میں بھی ناکام، شہریوں نے مویشیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے گلی محلوں میں بااثر افراد نے گائے، بھینسیں اور دیگر پالتو جانور پال رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اولڈ جی ٹی روڈ ، سول لائن روڈ، تحصیل روڈ اور میجر اکرم شہید کی یادگار کے سامنے پالتو جانوروں کی کثیر تعداد شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے، بااثر افراد اپنے مویشی سڑکوں پر چھوڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں۔
چند برس قبل تک میونسپل کمیٹی نے سلیمان پارس کے قریب مویشیوں کا پھاٹک قائم کر رکھا تھا جس کا باقاعدہ ٹھیکہ دیا جاتا تھا بعد میں میونسپل کمیٹی کے ملازمین آوارہ جانوروں کو پکڑ کر پھاٹک میں لے جاتے تھے لیکن پچھلے چند سالوں سے میونسپل کمیٹی نے پھاٹک کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے اندرون شہر کی سڑکوں پر پالتو مویشیوں کی ٹولیاں مٹر گشت کرتی نظرآتی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ دوبارہ سے پھاٹک کو فعال بنایا جائے تاکہ آوارہ مویشیوں کو پھاٹک میں بند کرکے جرمانے وصول کئے جائیں اور سڑکوں پر آزادانہ گھونے والے جانوروں کا خاتمہ ہو سکے اور اندرون شہر میں قائم باڑوں کو دوردراز ویران علاقوں میں منتقل کیا جائے تاکہ سیوریج سمیت گلی محلوں میں سے گندگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔