نیو ایئر نائٹ؛ بگڑے امیرزادوں نے رقص و سرور کی محفلیں سجانے کیلئے تیاریاں کر لیں، پولیس خاموش

جہلم: نیو ائیر نائٹ2023ء منانے کے لئے شہر اور مضافاتی علاقوں میں بگڑے امیرزادوں نے رقص و سرور، شباب و کباب کی محفلیں سجانے کیلئے تیاریاں شروع کررکھی ہیں ۔ بگڑے رئیس زادوں نے بھاری معاوضوں پر تتلیوں کی بکنگ کروانے سمیت شراب و کباب کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔
شہر کے گنجان آباد علاقوں کی کوٹھیوں ،بنگلوں اور دوردراز کے علاقوں میں قائم فارم ہاؤسسز میں نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں ۔بڑے شہروں میں موجود دلالوں سے تتلیاں حاصل کرنے کے لئے رابطے جاری ، منچلوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لئے کوڈ ورڈز کا استعمال شروع کر دیا۔
بگڑے رئیس زادے رات 12 بجے سوئی پر سوئی چڑھتے ہی ہلہ گلہ شروع کردیں گے، جبکہ جہلم کے علاقہ کرسچن کالونی ، اسلام پورہ ، مجاہدہ آباد ، کالاگجراں ، مشین محلہ ، روہتاس روڈ ، بلال ٹاؤن ، چونترہ ، کھرالہ میں قائم منشیات کے سیل پوائنٹس پر منشیات کی فروخت کا کام بھی عروج پر پہنچ چکا ہے ۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شراب فروخت کرنے والے منشیات فروشوں نے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے راتوں رات امیر بننے کے لئے مہنگے داموں شراب اور منشیات فروخت شروع کررکھی ہے۔
شہر میں شراب ، چرس ،ہیروئن ، آئس فروخت کرنے کے لئے کرسچین کالونی ، محلہ اسلام پورہ، بلال ٹاؤن،کالا گجراں، مشین محلہ ، چونترہ ، کھرالہ، روہتاس روڈ، مجاہد آباد سمیت دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر خطرناک زہریلے کیمیکل سے ملکی و غیر ملکی برانڈ ز کی2 نمبر شراب تیار کرکے خوبصورت و دلکش پیکنگ کر کے فروخت کئے جانے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ شراب تیاری میں زہریلے کیمیکل ، پاؤنڈے اور سپرٹ کا بھی استعمال کرنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
شہر کے پلازوں، کوٹھیوں ، بنگلوں اور شہر کے مختلف علاقوں مدینہ ٹاؤن، بلال ٹاؤن، کرسچین کالونی ، اسلام پورہ ، کالاگجراں پیرا غیب ، چونترہ ، کھرالہ و دیگر علاقوں میں امیرزادوں نے نیو ایئر نائٹ منانے کے لئے بھر پور انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری مقدار میں شراب جمع کرلی ہے ، دم مارو دم کے لئے چرس کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔
بھاری معاوضوں پر بڑے شہروں سے تتلیوں کی بکنگ کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں جبکہ رقص و سرور کا مزہ دوبالا کرنے کے لئے مکروہ دھندہ کرنے والے شہر و گردونواح میں موجود نائیکاؤں اور دلالوں سے رابطے کر کے تتلیاں بھی بک کی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ غیر اخلاقی دھندے میں ملوث خواتین نے لاہور، منڈی بہاؤالدین ، حافظ آباد، گجرات سمیت مختلف اضلاع سے لڑکیاں منگوانے کے لئے بکنگ کروانی شروع کر دی ہے جنہیں بھاری معاوضے کے عوض 31 دسمبر کی رات کو بگڑے رئیس زادوں کی محفلوں کی زینت بنانے کے لئے پیش کیا جائے گا۔