فواد چوہدری کا جہلم کیلئے ایک اور کارنامہ، ضلع بھر کی مساجد میں سولر سسٹم نصب کروانے کے احکامات

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنماء و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ضلع جہلم کے لیے ایک اور کارنامہ، ضلع بھر کی مساجد میں سولر سسٹم نصب کروانے کے احکامات، علماء کرام کی طرف سے مساجد میں سولر سسٹم کی تنصیب پر مسرت کا اظہار،سابق وفاقی وزیر کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین، فواد چوہدری اپنے فنڈز سے سولر سسٹم نصب کروائیں گے، ڈپٹی کمشنر نے تمام مساجد کی بلا تفریق فہرست مرتب کرنا شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق جہاں ضلع بھر میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے زیر قیادت بلا تفریق اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں وہی پر بجلی کے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اپنے فنڈز سے ضلع جہلم کی تمام مساجد میں بلا تفریق سولر سسٹم نصب کروا رہے ہیں تاکہ لوڈشیڈنگ سے نمازیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کی مساجد کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دیں ہیں، سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے فواد چوہدری کے اس اقدام پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اہلسنت وجماعت کے راہنماء صاحبزادہ سید خلیل حسین کاظمی نے مساجد میں سولر سسٹم کی تنصیب پر فواد چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر نے اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دیکر علماء کرام کے دل جیت لیے ہیں، فواد چوہدری جہلم کے پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے مساجد کی طرف توجہ دی۔
خلیل کاظمی نے کہا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ خصوصاً گرمیوں میں نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا سولر سسٹم کی تنصیب ایک اچھا اقدام ہے۔