میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ سینٹیشن برانچ کی ناقص کارکردگی، شہر کے علاقے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل

0 13

جہلم: میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن برانچ کی ناقص کارکردگی کے باعث اندرون شہر کے علاقے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گئے، علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی، موذی امراض اور تعفن پھیلنے کا خدشہ بڑھ چکا ہے۔

میونسپل کمیٹی کے علاقوں شمالی محلہ، باغ محلہ، مشین محلہ 1,2,3، پروفیسر کالونی ،بلال ٹائون کالا گجراں، جادہ مجاہد آباد، کریم پورہ، عباس پورہ، آفیسر کالونی، ڈھوک جمعہ سمیت دیگر علاقوں میں خاکروب نہ آنے کی وجہ سے ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

ر پورٹ کے مطابق میونسپل کمیٹی کا عملہ ڈنگ ٹپائو مال بنائو پالیسی پر گامزن ہے، جن کو کوئی پوچھنے والا نہیں، شہریوں نے بتایا کہ شعبہ سینیٹیشن کا عملہ گلی محلوں میں آنے اور صفائی ستھرائی کرنے کا پابند ہے ، لیکن سینٹری ورکر گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کرنے کی بجائے کوٹھیوں،پلازوں اور نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں کام کرکے بھاری تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔

میونسپل کمیٹی کے سپروائزر سینٹری ورکروں سے کام کروانے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنے افسران کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کردیتے ہیں جبکہ اندرون شہر کے گلی محلوں کے نالوں کی صفائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے، تالیاں گند سے بھری پڑی ہیں، جن کا گندا پانی نالیوں سے باہر نکل کر مکینوں کے لئے عذاب بنا ہوا ہے۔

شہریوں نے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ شعبہ صفائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹس طلب کی جائے تاکہ شہر میں گندگی کے ٹیلوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.