جہلم میں قصابوں اور مرغی فروشوں کی دکانوں پر صفائی کاناقص انتظام، فوڈ اتھارٹی خاموش

0 11

جہلم: شہر و گردونواح کے قصابوں اور مرغی فروشوں کی دکانوں پر صفائی کاناقص انتظام، دکانوں پر بغیر جالیاں لگائے گوشت کی سرعام فروخت جاری ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات بااثر قصابو ں نے ہوا میں اڑا دیئے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی معنی خیز خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں قصابوں اور مرغی فروشوں کی دکانوں پر صفائی کا ناقص انتظام ہونے کیوجہ سے سارا دن گوشت پر مکھیاں مچھر و دیگر حشرات بیٹھتے اور غلاظت پھیلاتے رہتے ہیں ، بلکہ رات کے وقت پھٹوں پر جالیاں نہ ہونے کی وجہ سے آوارہ کتے انہیں پھٹوں کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیتے ہیں ، ساری ساری رات ان پھٹوں پر لگے خون کو چاٹتے رہتے ہیں، جو کہ طرح طرح کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

شہر کے مضافاتی علاقوں میں سلاٹر ہاؤس نہ ہونے کیوجہ سے لاغر و بیمار اور نیم مردہ جانوروں کو دھڑلے سے ذبح کرکے فروخت کیا جا رہاہے اورپیسوں کی چمک کے کمال سے وٹنری ڈاکٹر اپنی مرضی سے سب اچھا ہے کا راگ آلاپتے دکھائی دیتے ہیں۔

شہر کی سماجی ،رفاعی ، فلاحی ، عوامی تنظیموں کے عمائدین نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران سے مطالبہ کیاہے کہ قصابوں اور مرغی فروشوں کو جالیاں لگانے اور نالوں پر قائم ہونے والی دکانوں پر لٹکائے جانے والے گوشت پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق صحت مند جانوروں کا گوشت خرید کر استعمال کر سکیں ۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.