ضلع میں جاری واٹر سپلائی، سیوریج اور گلیوں کی مرمت کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

0 19

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری واٹر سپلائی، سیوریج اور گلیوں کی مرمت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تمام افسران پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے بنیادی فرائض سر انجام دیں، تمام جاری سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سمال ڈیمز، سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ رواں مالی سال کے اندر پنڈدادنخان کے 32 گاؤں میں شروع ہونے والی واٹر سپلائی سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں، جہلم میں اربن سیوریج سکیم ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ساتھ مکمل ہونے کے بعد آپریشنل کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ بلال ٹاؤن کی گلیوں کی مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے اور ڈنگی پلی، محمدی چوک اور ڈی آفس چوک سڑک کی اسفالٹنگ کو بھی اسی ماہ کے اندر شروع کر کے کام کو مکمل کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع جہلم میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے تحت 68 سکیموں پر کام جاری ہے، جس میں ہائی وے کی 37، بلڈنگز 11، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 13، لوکل گورنمنٹ کی 2، آثار قدیمہ 3، سمال انڈسٹریز کی 1 جبکہ محکمہ اوقاف کی 1 سکیم پر کام جاری ہے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.