موسم شدید سرد؛ ڈرائی فروٹ کی دکانوں پر رش، نرخوں میں بھی تیزی سے اضافہ

جہلم: ڈرائی فروٹ کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جہاں کھانے میں خوش ذائقہ ہوتے ہیں وہیں انسانی جسم و دماغ کے لیے انتہائی مفید ہیں مگر اب یہ ڈرائی فروٹ عوام کی پہنچ سے دور ہوتے جارہے ہیں۔
غریب آدمی تو بس اب انہیں کھانے کا سوچ ہی سکتا ہے سرد موسم کا آغاز ہوتے ہی ڈرائی فروٹ کی دکانوں پر رش بڑھنے لگتا ہے تو دوسری طرف نرخوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوچکا ہے۔
سروے میں شہریوں نے کہا کہ اس سال ڈرائی فروٹ کی قیمتیں گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنی ہیں، بازار میں دیکھنے میں آیا ہے کہ مارکیٹ میں اعلیٰ ذائقے دار مونگ پھلی اول درجہ کی 600 روپے فی کلو سے 700 روپے فی کلو تک ان میں راولپنڈی ڈویژن کے علاقوں جن میں تلہ گنگ اور چکوال، چک بیلی خان، گوجر خان کی مونگ پھلی دستیاب ہے۔
مار کیٹ میں موٹی بڑی تین چار دانوں والی پارا چنار کی مونگ پھلی بھی فروخت کی جارہی ہے مگر اس میں ذائقہ نہیں ہوتا، ریوڑی 600 روپے ، اخروٹ 800 روپے فی کلو، چلغوزہ 5000 سے 4000 روپے فی کلو، پستہ نمکین 2800 روپے فی کلو جبکہ کا جو 1200 روپے فی کلو، خشک خوبانی 800 روپے فی کلو شہتوت 200 روپے فی کلو ،گڑ دیسی اڑھائی سو روپے فی کلو بادام 12 سو سے2 ہزار روپے فی کلو تک جبکہ بادام گری اڑھائی ہزار سے ساڑھے3 ہزار روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہد 1200 سے 3000 روپے، اخروٹ 5 سوسے 8 سوروپے میں فروخت ہو رہا۔