جہلم شہر میں سردیوں کے دوران صارفین کو گیس فراہمی کا باقائدہ شیڈول جاری

0 8

جہلم: حکومت کی ہدایت پر جہلم شہر میں سردیوں کے دوران صارفین کو گیس فراہمی کا باقائدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق صبح 6 سے 9 بجے دوپہر 12 سے 2 بجے اور شام 6 سے 9 بجے تک کھانے کے 3 اوقات میں گیس مہیا کی جائے گی۔

اس بارے محکمہ سوئی نادرن گیس کے ذرائع نے بتایا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ جہلم ریجن کے ہزاروں صارفین کو شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاہم انہوں نے کہا کہ اندرون شہر بعض علاقوں میں بوسیدہ لائنیں ہیں ایسے علاقوں میں کم پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر گیس کمپریسر لگانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن بھی شروع کیا جائیگا اور اس حوالے سے ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمپریسر لگانے والے صارفین کے کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے اور ایک ماہ تک کنکشن بحال نہیں ہونگے ایسے افراد کیخلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جوصارف کمپریسر استعمال کر رہے ہیں وہ فوری طور پر کمپریسر اتار دیں وگرنہ انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پکڑے جانے پر کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.