جہلم میں صحت اور غذائیت کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ضلع جہلم میں صحت اور غذائیت کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار اور واک کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جہلم ڈاکٹر مظہر حیات نے کی، اس کے علاوہ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈاکٹر جواد احمد ڈار، ضمیر حسین منہاس، سبطین اعوان، چوہدری محمد نیاز ڈسٹرکٹ فوکل پرسن کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جواد ڈار نے شرکاء کو بتایا کہ خواتین کی کثیر تعداد خون کی کمی کا شکار ہیں اور 5 دسمبر سے10 دسمبر تک منائے جانے والے ہفتہ برائے غذا اور صحت کے دوران لوگوں میں آگاہی پیدا کی جائے گی اور خون کی کمی کا شکار خواتین کو ریفر کیا جائے گا اور دو سال سے پانچ سال کے بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کی گولیاں دی جائے گی۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے صحت اور غذائیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ ہمارے ملک میں بہت سے بچے خون کی کمی اور پیٹ کے کیڑوں کے مرض میں مبتلا ہیں، ضرورت اس امر کی ہے لوگوں میں آگاہی پیدا کی جائے۔