جہلم شہر میں ٹریفک مسائل بے قابو، ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا

0 37

جہلم: ٹریفک مسائل بے قابو، شاندار چوک، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ، سول لائن روڈپر ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا، شاندار چوک سے ملحقہ سڑکوں پر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے رکشے کھڑے کر کے ٹریفک کے شدید مسائل پیدا کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہری سخت پریشان، ٹریفک پولیس کے پاس نفری کم، تجربہ کار سٹاف ناپید۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک کے بے ہنگم نظام نے شہری و کارروباری حلقوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے، ٹریفک پولیس ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے، ٹریفک پولیس کے ذمہ داران نفری میں کمی اور دیگر مسائل کو بنیاد بنا کر ٹریفک کنٹرول کرنے کے حیلے بہانے بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کا عملہ بھی تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے وسط میں واقع شاندار چوک کے چاروں اطراف چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے سڑکوں پر رکشے کھڑے کرکے شہریوں کے لئے بے پناہ مسائل پیدا کر رکھے ہیں، ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار رکشہ ڈرائیوروں کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہاہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قائم ہونے والے نجی ہسپتالوں ، سرکاری اداروں ، سمیت کارروباری مراکز کے مالکان نے میونسپل کمیٹی کی سرپرستی کیوجہ سے پارکنگ کے لئے 1 انچ بھی جگہ نہیں چھوڑی جس کی وجہ سے نجی ہسپتالوں ، سکولوں ، بینکوں ، سرکاری و نجی اداروں کے افسران و ملازمین دکاندار اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر کھڑی کرکے شہریوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم اندرون شہر کی سڑکوں پر تعمیر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات اور رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ شہر کے اندر پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.