نوجوان پہلی فرصت میں اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم

جہلم: ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ 18 سال کی عمر کو پہنچنے والے ہر مرد و عورت کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے ووٹ کا اندراج کرائے تا کہ انتخابات کے موقع پر وہ جمہوری عمل کا حصہ بننے کے لئے اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔
انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹ دینے کی عمر یعنی 18سال کی عمر کو پہنچنے والے ہر مرد و عورت شہری کو ووٹ کے بلاتاخیر اندراج کی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کر رہا ہے تا کہ ووٹ درج کرانے کی قومی ذمہ داری کی تکمیل میں کسی شہری کو دقت پیش نہ آئے۔
انہوں نے ووٹ کے بروقت اندراج کے لئے شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ووٹ کے اندراج و درستگی کے قومی فریضہ کی تکمیل کے لئے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے میں میڈیا سمیت سول سوسائٹی کے تمام سرکردہ شعبے خصوصاً یوتھ موثر کردار ادا کریں۔
گفتگو کے دوران صحافیوں نے مفصل انداز میں مفید تجاویز دیتے ہوئے ووٹ رجسٹریشن کے بارے میں آگاہی کیلئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے صحافیوں کی تجاویز و مشاورت کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز کو اگلے ماہ نیشنل ووٹرز ڈے کے موقع پر عوامی آگاہی کے لئے منعقد کی جانے والی تقریبات کے ایجنڈہ کا حصہ بنایا جائے گا۔