جہلم پولیس نے جواریوں کو انوکھی سزا دے ڈالی، ضمانت خارج ہونے پر شہر کا پیدل چکر لگوا دیا

جہلم پولیس نے ڈکیتی اور جوئے کے مقدمہ میں ملوث 7 ملزمان کی عبوری ضمانتیں منسوخ ہونے پر انوکھی سزا تجویز کی، شہر کی اہم سڑکوں پر ملزمان کو پیدل گھمایا گیا اور پھر تھانہ سٹی لے جاکر حوالات میں بند کر دیاگیا، 2 ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ سٹی پولیس نے عرصہ دراز سے شہر کے علاقہ مشین محلہ میں قمار بازی کا دھندہ کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا تھا، ملزمان نے عبوری ضمانتیں کروارکھی تھیں جبکہ ملزمان کے ایک ساتھی نے اپنے ہی ساتھیوں کے خلاف تشدد کا نشانہ بنانے اور 8 لاکھ روپے لوٹ لینے کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔
اس طرح گزشتہ روز تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ نمبر 524/22 بجرم 395 ت پ کے تحت درج کررکھا تھا ، ملزمان میں محمد صدیق ولد ملک احمد دین ، سکنہ مشین محلہ نمبر1 ، یاسر محمود ولد محمد اکرم سکنہ مشین محلہ نمبر2 ، شوکت علی ولد محمد صادق سکنہ جادہ، تنویر احمد ولد نذیر احمد سکنہ کریم پورہ، خادم حسین ولد سردار خان سکنہ کریم پورہ، راجہ شبیل احمد خان ولد راجہ امرت اللہ خان سکنہ مشین محلہ نمبر 2، طاہر محمود ولد محمد رمضان سکنہ پیراغیب،جبکہ ارشد بٹ عرف شدا سکنہ مشین محلہ نمبر2، آفتاب احمد سکنہ سنگھوئی (جنگو) شامل ہیں۔
عدالت سے عبوری ضمانتیں منسوخ ہونے پر ملزمان ارشد بٹ عرف شدا سکنہ مشین محلہ نمبر2، آفتاب احمد سکنہ سنگھوئی (جنگو) فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ 7 ملزمان کو احاطہ عدالت میں تھانہ سٹی پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر سول لائن روڈ سے گھماتے ہوئے تھانہ سٹی کی حولات میں بند کر دیا۔