جہلم شہر میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا

جہلم: شہر میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیاہے لیکن بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے خشک میوہ جات عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔ بااثر دکانداروں نے خشک میوہ جات کے من مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں، شہریوں نے خشک میوہ جات فروخت کرنے والوں کے لئے سرکاری نرخ نامے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بادام، کاجو ،پستہ ، مونگ پھلی ، انجیر، چلغوزہ، اور اخروٹ سردیوں کی سوغات ہیں اور یہ خشک میوہ جات خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ بے شمار طبی فوائد کے حامل ہوتے ہیں لیکن ان کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کو دیکھنے کی حد تک محدود کردیا ہے خصوصا چلغوزے توبالکل ہی نایاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب دکانداروں کا موقف ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر ان کے کاروبار کے لئے منفی ثابت ہورہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے موسم سرما کی سوغات سے لطف اندوز ہونے کے لئے موسم ٹھنڈا اور جیب گرم ہونی چاہیئے جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے۔شہر کے بازار میں مقامی ڈرائی فروٹ کی قیمتوں کے مقابلے میں درآمدی ڈرائی فروٹ کی قیمتیں کم ہیں۔خشک میوہ جات فروخت کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ شہری پہلے نرخ معلوم کرتے ہیں جو میوہ جات کم قیمت کے ہوتے ہیں وہ خریدلیتے ہیں ۔