جہلم کے مرکزی قبرستان میں بیشتر قبریں زمین بوس ہونے لگیں، پرانی قبریں اپنے پیاروں کی منتظر

جہلم کے مرکزی قبرستان میں بیشتر قبریں زمین بوس ہونے لگیں، پرانی قبریں اپنے پیاروں کی منتظر، بیشتر قبریں اپنا وجود کھو چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ و لواحقین کی عدم توجہی کے باعث مرکزی قبرستان میں موجود بیشتر قبریں زمین بوس ہوچکی ہیں ،دوسری جانب میتوں کو دفنانے کے لئے مرکزی قبرستان میں جگہ بھی ناپید ہو چکی ہے ، شہری جب میت کودفنانے کے لئے قبرستان جاتے ہیں توگورکن جگہ نہ ہونے کا بتا کر من مرضی کے پیسے وصول کرتے ہیں۔
متیں دفنانے کے لئے جانے والے افراد جب قبرستان میں قبروں کی حالت دیکھتے ہیں تو وہ پریشان و حیران ہو جاتے ہیں جہاں پرانی قبریں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہیں، ان میں سے بیشتر قبریں زمین بوس ہو تی دکھائی دیتی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان قبروں کے لواحقین قبرستان میں قبروں کی دیکھ بھال کرنا مکمل طور پر چھوڑ چکے ہیں جبکہ قبرستانوں میں موجود گورکن بھی ایسی قبروں پر توجہ نہیں دیتے ، جس کیوجہ سے قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت ضلعی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ قبرستان کے لئے جگہ خریدی جائے اور مرکزی قبرستان میں زمین بوس ہونے والی قبروں کو از سر نو تیار کروایا جائے تاکہ قبروں کی بے حرمتی نہ ہو سکے۔