سول ہسپتال جہلم میں ایمرجنسی کی ایکسرے مشین خراب، مریض خوار ہونے لگے

0 69

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے ایمرجنسی روم میں ایکسرے مشین بھی خراب، مریض پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ایکسرے کروانے پر مجبور، شہری کا روڈ ایکسیڈنٹ ہوا تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل ہونے کے بعد پتہ چلا کہ ایکسرے مشین خراب پڑی ہے، سر پر شدید چوٹ لگنے کے بعد شہری نے پرائیویٹ لیبارٹری سے ایکسرے کروایا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اینو پنڈی لے جاؤ (اسے راولپنڈی لے جاؤ) کے بعد ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا، ایمرجنسی کی ایکسرے مشین بھی خراب نکلی، شدید زخمی شہری پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ایکسرے کروانے پر مجبور ہوچکے۔

گزشتہ روز ایک شہری فاضل کا روڈ ایکسیڈنٹ ہوا جن کو فوری طور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا جہاں پر سر اور گردن کا ایکسرے کروانے کے لیے ان کو پرائیویٹ لیبارٹری میں جانے کا کہا کہ ایکسرے مشین خراب ہے، آپ پرائیویٹ لیبارٹری سے ایکسرے کروالیں۔

شہری فاضل نے کہا کہ مجبوری کی خاطر مجھے پرائیویٹ لیبارٹری جانا پڑا جبکہ شدید درد کی وجہ سے میرے سے چلنا بھی مشکل ہو رہا تھا، اس وقت 20 سے 30 لوگ ایکسرے کروانے کے لیے ہسپتال میں بیٹھے ہوئے تھے۔

شہری نے مزید کہا کہ مجھے یہ شبہ ہے کہ ہسپتال کا ایکسرے کرنے والا عملہ پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ملی بھگت کرکے مریضوں کو پرائیویٹ لیبارٹریوں میں بھیج رہے ہیں جہاں سے یہ لوگ کچھ کمیشن بھی لیتے ہیں، اس وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا برا حال ہے، ایمرجنسی کیس آنے کی صورت میں یہ لوگ مریضوں کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں، حالت یہ ہے کہ ایمرجنسی کی ایکسرے مشین بھی خراب ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ اور ایم ایس شعیب کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی دیکھ بھال تو بہتر انداز میں کی جائے اور ایکسرے مشین کو 24 گھنٹے درست رکھا جائے تاکہ ٹریفک حادثات میں آنے والے مریضوں کو پرائیویٹ لیبارٹریوں میں نہ جانا پڑے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.