کبڈی ہمارا روائتی کھیل ، پاکستان سے بہت بڑے بڑے نام دنیا کے سامنے آئے۔ شہزاد گوندل

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ جالپ چک حمید کے مقام پر روائتی کھیل کبڈی کے زبردست ٹورنامنٹ کا انعقاد معروف صحافی صفر علی خان کی زیر نگرانی کیا گیا جس کو دیکھنے کے لیے ضلع بھر سے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے کبڈی کے کھلاڑیوں کو خوب داد دی کبڈی کا شاندارفائنل میچ جہلم اور حافظ آباد کی ٹیموں کے مابین ہوا، سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد جہلم کی کبڈی ٹیم نے میدان مار لیا۔
اس موقع پر نوابزادہ مطلوب مہدی خان ،چوہدری مظفر اقبال ،ملک آصف سمیت علاقہ بھر سے معززین نے شرک کی جبکہ چوہدری شہزاد احمد گوندل چیئر مین کشمیر ماڈل ٹاؤن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کھاڑیوں میں انعام تقسیم کیے اور کہا کہ ہمیں چاہیے کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنے کے لیے کوشش کرتے رہیں کیونکہ صحت مند زندگی اور نوجوانوں کی جسمانی نشوونما کے لیے کھیل انتہائی ضروری ہیں۔
شہزاد گوندل نے کہا کہ کبڈی ہمارا روائتی کھیل اور ثقافت ہے جس میں پاکستان سے بہت بڑے بڑے نام دنیا کے سامنے آئے ،کھیلوں کے میدان آباد رہنے سے صحتمند معاشرہ فروغ پاتا ہے اچھی زندگی گزارنے کے لیے صحت مند ہونا ضروری ہوتا ہے اور صحت مند رہنے کے لیے کھیل بہت اہم ہیں۔
علاقہ جالپ کے عوام کے مطالبہ پر انہوں نے علاقہ جالپ میں اسٹیڈیم کے لیے 2لاکھ روپے فنڈ کا اعلان کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اسٹیڈیم کا کام شروع ہوتے ہی ٹرومین ایسویسی ایٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔
عوامی سماجی حلقوں نے چوہدری شہزاد گوندل کی کاوشوں کو سہراتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔