سیاسی ہلچل کے شور شرابے میں دبی منہ زور مہنگائی کے باعث غریب عوام کی چیخیں نکلنے لگیں

0 20

جہلم: سیاسی ہلچل کے شور شرابے میں دبی منہ زور مہنگائی کے باعث غریب عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، کوئی سننے والا نہیں، سبزیاں گوشت ،دالیں سونے کے بھاؤ فروخت کی جا رہی ہیں، بازاروں میں خریداری کی غرض سے آئے مختلف مردو خواتین پھٹ پڑے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ تاریخی مہنگائی نے غریب عوام کے ساتھ ساتھ سفید پوش کو بھی ننگا کر کے رکھ دیا ہے 2 وقت کی روٹی کے ساتھ ساتھ تن ڈھانپنے کے لئے کپڑے خریدنا بھی مشکل ترین مرحلہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں سبزیاں، گوشت، چاول اور دالیں سونے کے بھاؤ میں فروخت ہو رہی ہیں۔ گوشت ، دالیں مہنگی ہونے کے باعث عوام کو چاروں شانے چت کر کے رکھ دیا گیا ہے، حکمران عوام کا استحصال کر رہے ہیں، عوام مایوسی اور بے بسی کی زندگیاں گزار نے پر مجبور ہیں ، موجودہ حکمرانوں نے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کروانے اور اپنا اقتدار بچانے پر لگے ہوئے ہیں، عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

صارفین کا مزید کہنا ہے کہ مہنگائی کے تابڑ توڑ حملوں سے عوام بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ موجودہ حکمران مہنگائی کو کم کرنے کا نعرہ لے کر برسر اقتدار آئے، مگر آج مہنگائی کم ہونے کی بجائے کئی سو گنا بڑھ کر غریب عوام کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے، حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت امپورٹڈ حکمران ملک کو دیوالیہ ہونے کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.