جہلم کے ہسپتالوں کی اپگریڈیشن رواں مالی سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔ وزیر صحت اختر ملک

جہلم: صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر اختر ملک نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات بھی موجود تھے۔
وزیر صحت اختر ملک نے ہسپتالوں کے ایمرجنسی، میڈیکل وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور ڈسپنسریز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مریضوں سے فراہم کردہ ادویات و دیگر سہولیات سے متعلق استفسار کیا، ڈاکٹرز و سٹاف کی بائیؤ میٹرک حاضری چیک کی۔ وزیر صحت نے جہلم ڈی ایچ کیو ہسپتال کے تمام شعبوں میں وائٹ واش کرانے کی ہدایت کی۔
وزیر صحت نے سوہاوہ ٹی ایچ کیو میں سہولیات کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں سرجن کی تعیناتی نہ ہونے پر افسوس ہے، انہوں نے سی ای او ہیلتھ جہلم کو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے اور ٹی ایچ کیو سوہاوہ میں ایک ہفتہ میں سرجری کی سہولیات شروع کرنے کہ ہدایت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے تحت صحت کی سہولیات مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، صحت انصاف کارڈ عوام کے لیے ایک نعمت ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ صحت عامہ کی سہولیات مہیا کرنے میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر صحت اختر ملک نے کہا کہ دو ہفتوں کے بعد دوبارہ ان ہسپتالوں میں میڈیکل سہولیات کا جائزہ لوں گا۔ ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ و اپگریڈیشن رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں کے بعد دوبارہ ان ہسپتالوں میں میڈیکل سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بہتر پرفارم کرنے والے سٹاف کی حوصلہ افزائی جبکہ کام چور عملہ کی سرزنش کی جائے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں پڑے بائیو میڈیکل ایکوپمنٹس ہر حال میں فعال کرکے شہریوں کو باہر سے مہنگے ٹیسٹوں سے بچایا جائے۔