ملک کو معاشی تباہی سے بچانے کے بجائے حکومت کرپشن کیسز ختم کرنے میں لگی ہے، عمران خان

جہلم: عمران خان نے کہا کہ حکومتی نااہلی سے ملک دیوالیہ پن کے دوراہے پر پہنچ گیا، جب سے یہ امپورٹڈ حکومت آئی ہے ملک دن بدن پیچھے جا رہا ہے، ہفتے والے دن ہم اعلان کریں گے کہ کس دن اسلام آباد جانا ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے جلوس اسلام آباد پہنچے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دینہ میں آزادی مارچ کے شرکاءسے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو راستے سے ہٹانا لیگی حکومت کی تاریخ ہے اور ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے جو ظلم کیا اس کیس کا فیصلہ ہو جاتا تو آج مجھ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ مجھ پر تین لوگوں نے حملہ کرنے کی سازش کی اور سپریم کورٹ جب آزادانہ تحقیقات کرئے گی تو یہ ثابت ہو جائے گا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے وہی تین لوگ ہیں جن پر میں ایف آئی آر درج کرواناچاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے ملک میں پچاس سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے ہماری حکومت میں ڈیفالٹ کا خطرہ 5فیصد جبکہ اب 80فیصد سے بڑھ چکا ہے ،خود حکومتی ادارے نے رپورٹ شائع کی ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اس سال چاول 40فیصد ، کپاس 25فیصد ، گنا 8فیصد کم پیدا ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہم کو بیرون ملک سے منگوانا پڑے گا جس کیلئے ڈالر چاہئیے ہوں گے جو ہم باہر سے قرض لیں گے اور جب ہم قرض کیلئے جائیں گے تو لازمی بات ہے کہ دنیا کی ڈیمانڈ ہماری قومی سلامتی پر سمجھوتہ ہو گی لیکن اس حکومت کو اپنے کیس ختم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، مجھے ڈر ہے کہ یہ لوگ کیس ختم ہونے کے بعد بھاگ جائیں گے اور پاکستانیوں کو اربوں ڈالر کے قرض واپس کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت آرمی ایکٹ تبدیل کرنے جارہی ہے تاکہ ایسا آرمی چیف لایا جاسکے جو ان کی کرپشن کی حمایت کرئے تحریک انصاف کو انہوں نے ختم کرنے کا منصوبہ بنایا لیکن عوامی نے 37ضمنی الیکشن میں سے 29میں تحریک انصاف کو جتوا کر ثابت کیا کہ یہ تحریک انصاف کو ختم نہیںکر سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے آزادی مارچ کا مقصد صرف عوام کو جگانا اور ملک کے ساتھ ہونے تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے سے آگاہ کرنا ہے، اگر عوام جاگ گئی تو وہ ان سے حساب مانگے گی، حسن شریف 10ارب کے جن فلیٹس میں رہتا ہے اس کا حساب دینا پڑے گا کہ دولت کہاں سے آئی، آپ تمام شرکا کو میں سلام پیش کرتا ہوں اور جب ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے تو تمام لوگ اس میں شامل ہوں گے تو یہ حکومت عوامی اجتماع کو روک نہیں سکے گی ۔