سول ہسپتال جہلم کے مرکزی گیٹ پر غیر قانونی چنگ چی و ویگن اسٹینڈ شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

جہلم: ٹریفک پولیس کی عدم توجہی اور غفلت ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مرکزی گیٹ پر غیر قانونی چنگ چی و ویگن اسٹینڈ شہریوں کے لئے وبال جان بن گئے،شہریوں کا ڈی پی او سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال کے داخلی دروازے پر گزشتہ کئی ماہ سے قائم غیر قانونی چنگ چی اور ویگن اسٹینڈ قائم ہو چکا ہے جو شہریوں کے لئے کسی عذاب سے کم نہیں مذکورہ اسٹینڈ کی وجہ سے حادثات روز انہ کا معمول بن چکے ہیں جب کہ گیٹ کے دونوں اطراف رکشہ ،ویگنوں، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کی بھرمار سے ایمبولنسسز بیماروں اور ذخمیوں کو بروقت ہسپتال بھی منتقل نہیں کر پاتیں۔
محکمہ صحت کے افسران نے درجنوں بار سرکاری اراضی پر قبضہ جمائے چنگ ڈرائیوروں کو رکشے کھڑے کرنے سے منع بھی کیا مگر بااثر افراد کی آشیر باد حاصل ہونے کی وجہ سے رکشہ ڈرائیوروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، ڈرائیورحضرات اور ویگنوں کے ڈرائیوروں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے تنگ آکر سول ہسپتال کی ا نتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کر رکھے ہیں۔
تمام تر حالات و واقعات کا علم ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس کے ذمہ داران خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں، ٹریفک پولیس تمام حالات و واقعات سے آگاہ ہونے کے باوجود سول ہسپتال جیسے اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعینات نہ کرنا سوالیہ نشان ہے۔
سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے ڈی پی او سے مطالبہ کیاہے کہ سول ہسپتال کے داخلی و خارجی کے دونوں اطراف کھڑی ہونے والی غیر قانونی ریڑھیوں، چنگ چی رکشوں، ویگنوں سمیت دیگر گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تا کہ ہسپتال میں آنے جانے والے مریضوں اور ایمبولنسسز وغیرہ کو بآسانی راستہ مل سکے۔