جہلم میں اکرام میر کی حویلی میں چھٹی سالانہ محفل میلادِ مصطفی ﷺ کا انعقاد

0 28

جہلم: چھٹی سالانہ محفل میلادِ مصطفی ﷺ کا انعقاد اکرام میر کی حویلی میں کیا گیا، محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری سعید عطاری نے حاصل کی جبکہ ثناء خوانِ مصطفی ﷺ میں محمد سلیمان قادری نوشاہی، دلنواز احمد، پیر نشاط احمد پریمی شامل تھے۔ مہمانوں میں ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ، اسسٹنٹ کمشنر محمد عامر بٹ تھے۔

اس موقع پر حضرت مولانا انعام اللہ جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے، اپنی اولاد ،مال کو دین کیلئے وقف کریں، اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں تو دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آنے کی ترتیب ہے جانے کی کوئی ترتیب نہیں ،جوان اولاد کو بوڑھے والدین کندھا دیتے نظر آتے ہیں، وقت کو قیمتی جانیں ،مساجد کو آباد کریں، نیک اعمال کریں اور مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ صلح رحمی سے پیش آئیں اور ان کی قدر کریں ،اپنے اعلیٰ اخلاق کے ذریعے دین کو اپنائیں ،اچھے اخلاق والا روز محشرمیں نبی مکرم کیساتھ ہوگا اپنے اخلاق ،معاملات اور اعمال کی بہتری کیلئے دین کے ماحول کو اپنائیں مساجد میں وقت دیں اولادوں کو دین سکھائیں نماز کی پابندی کو معمول بنالیں اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں جاگیں ،تہجد کا اہتمام کریں دنیا وآخرت کی کامیابیاں مقدر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے ،آفات ،مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اسکا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے۔انسان اپنی کامیابی مال میں سمجھ رہا ہے مال کمانے کیلئے کسی چیز کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ، حرام ،حلال کی تمیز کئے بغیر مال بنا رہے ہیں، قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے ،صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا ،دنیا کی کامیابی کو مال سمجھنے والے بے وقوف ہیں اصل کامیابی اعمال میں ہے ،نیک ،صالح اعمال کی بدولت اللہ کو راضی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین کے کام کرنیوالے اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے ہیں رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے آج وقت گزر رہا ہے اس نے گزرنا ہی ہے کیوں نا اس وقت کو قیمتی بنالیا جائے ،وقت کو قیمتی بنانے کیلئے نیک صالح اعمال کرنا ہونگے اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تو کامیابی قدم چومے گی۔

اس موقع پر شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج محمد عمران اسلم مغل، سید خلیل حسین کاظمی، مفتی حسن رضایلدرم، راجہ ظفر اقبال چشتی گولڑوی، ملک نثار احمد،جبکہ جہلم پریس کلب کے جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ چوہدری مہربان حسین ، جنرل سیکرٹری وسیم تبریزسمیت سینکڑوں عاشقان رسول بھی موجود تھے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.