جہلم میں سردی کی شدت بڑھتے ہی مچھلی کے پکوانوں کی فروخت میں اضافہ

جہلم: شہر اور مضافاتی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھتے ہی مچھلی کے پکوانوں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا۔
شہر سمیت ضلع بھرمیں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہری موسم سے محظوظ ہونے کا خاص اہتمام کررہے ہیں۔ درجہ حرارت کی کمی اور سردی کی شدت سے بچنے کے لیے جہاں شہری اوڑھنے پہننے کا خاص انتظام کرتے دکھائی دیتے ہیں وہیں خشک میوہ جات، سوپ اور مچھلی سمیت دیگر گرم تاثیر والے کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سردی بڑھتے ہی فرائی مچھلی کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، وہیں شہریوں کی بڑی تعداد ذائقے دار فرائی مچھلی سے لطف اندوز ہونے کے لیے دریائے جہلم اور منگلا کے مقام پر قائم مختلف ڈھابوں پر پہنچ کر فرائی، گرل مچھلی استعمال کرکے موسم کا مزہ لے رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ سردی کے موسم میں بالخصوص مچھلی کھانے کا اہتمام کرتے ہیں اور مصالحے دار باربی کیو سمیت دیگر انواع و اقسام کے پکوان شوق سے کھاتے ہیں۔