ضلع جہلم میں مسافر گاڑیوں میں کرائے نامے آویزاں کرنا قصہ پارینہ بن گیا

0 28

جہلم: مسافر گاڑیوں میں کرائے نامے آویزاں کرنا قصہ پارینہ بن گیا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی غفلت ، ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ، مسافر سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیزل و پٹرول کی قیمتوں کا بہانہ بنا کر مسافر گاڑیوں کے مالکان نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کررکھے ہیں، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے عرصہ دراز سے جنرل بس اسٹینڈ پر ہر روٹ کی گاڑیوں کے کرائے نامے کے بورڈ آویزاں نہیں کئے اورنہ ہی گاڑیوں کے اندر کرایہ نامہ آویزاں کروانے کا پابند بنایا گیا ہے۔

سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم تو جہی کے باعث مسافر گاڑیوں کے کرایہ جات کی وصولی کا چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں 15/10 کلومیٹر کا کرایہ 100/150 روپے وصول کیا جارہا ہے، ٹرانسپورٹر کی من مانیوں اور بڑھتے کرایہ جات بارے متعلقہ انتظامیہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے سرکاری ملازمین اور غریب سفید پوش طبقہ کو ٹرانسپورٹرز دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جب شکایت ملتی ہے اس پر کارروائیاں کرتے ہیں۔

شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافر گاڑیوں کے کرایہ جات پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں کے مطابق طے کرکے عملدرآمد کروایا جائے اور گاڑیوں کے اندر اور جنرل بس اسٹینڈ میں نمایاں جگہوں پر کرائے نامے آویزاں کروائے جائیں خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تا کہ مسافروں کو ریلیف مل سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.