یومِ اقبال پر ہسٹاریکل ریسرچ اینڈ ہابی پرموشن سوسائٹی جہلم کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

جہلم: یومِ اقبال پر ہسٹاریکل ریسرچ اینڈ ہابی پرموشن سوسائٹی جہلم کے زیر اہتمام الفلاح سنٹرجہلم میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تاریخی نوادرات کی نمائش ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالشکور ملک، ڈاکٹر منصور، ذیشان ملک و دیگر مقررین نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کرکے پاکستا ن قرضوں کے چنگل سے نکل سکتا ہے۔مصور پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو بیداری اور آزا دی کا درس دیا اْن کے افکار آفاقی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ دوہری شہریت کا قانون وطن عزیز کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
نمائش میں علامہ اقبال کی شاعری کی کتب ،نادر تصاویر ،ڈاک ٹکٹ، نایاب سکے، مضامین کے البم نیز آرمی میڈل قدیم حربی ہتھیاروں کے فوٹو گرافس ڈسپلے کئے گئے جن سے اہل علم اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔ اس حوالے سے نمایاں کارکردگی پر بلال حسین فلکی، اکرام حسین روہتاس، امیر علی کلری، محسن عباس منگلا، حلیم اسحاق، طحہ منصور، محب علی محمد مجتبیٰ اسلم کو ڈاکٹر عبدالشکور ملک نے ایوارڈ دیئے۔