لانگ مارچ: پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی کا جہلم میں تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

جہلم: پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان (ایس سی سی ایل او) کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں چیئرمین و صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے جاری لانگ مارچ کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ کمشنرز اور آر پی اوز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، قائم مقام آئی جی، اے سی ایس ہوم اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر کارکنوں نے دھرنے ختم اور موٹر ویز کو جانے والے راستے کلیئر کر دیئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
اگلے مرحلے میں جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں بھی لانگ مارچ کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ گجرات میں پولیس کے 4100 افسروں، اہلکاروں، سنائپرز کی تعیناتی کی گئی ہے جبکہ ٹریفک ڈیوٹی بھی لگا دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی کی قیادت اشتعال انگیز تقاریر نہیں کرتی، ضرورت اس امر کی ہے کہ دیگر سیاسی جماتوں کے لیڈر بھی اس سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران کوئی اور غیر ضروری سیاسی سرگرمی نہیں ہونی چاہیے۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کے روٹ میں ایسی دکانیں بند کرا دی جائیں گی جہاں آتش گیر سامان موجود ہے۔ کمشنر شاہد نیاز نے بھی کابینہ کمیٹی کو اپنی ڈویژن میں سکیورٹی پلان کی تفصیل بتائی۔