جہلم چیمبر آف کامرس اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

جہلم: سینئرنائب صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مظہر اکرام اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی صدر بشریٰ رحمٰن نے معاہدہ پر دستخط کئے، ملکی برآمدات کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے اہم پیش رفت، دونوں ادارے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کاروباری سرگرمیوں فروغ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جون 2023 میں وینکوور کینیڈا میں ہونے والی ایکسپومیں جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلٹ فارم سے تجارتی ایکسپو میں اپنے سٹالز لگائیں گے، پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی صدر بشریٰ رحمٰن اور سیکرٹری جنرل ملک سہیل بھر پور معاونت کریں گے۔
جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد سینئر نائب صدر مظہر اکرام کی قیادت میں اسلام آباد گیا، وفد میں نائب صدر حافظ غلام مصطفی، چیئرمین یو وی جی راجہ سجاد اختر، سابق صدر ڈاکٹر کوثر ناہید انور، ایگزیکٹو ممبر اسحاق ڈار شامل تھے۔
پاکستان کی کاروباری معاملات پر پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی صدر بشریٰ رحمٰن سے تفصیلی بات چیت ہوئی، جہلم چیمبر اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے مابین ایک معاہدہ ہوا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، سفارتکاری کے علاوہ انسانی حقوق کے کے مسائل، خواتین کے حقوق، نوجوانوں کو کاروباری ترقی کی مہارت پر توجہ دینا ہے۔
معاہدہ کے مطابق دونوں ادارے زرعی شعبے، سیاحت، ٹیلی کام، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، توانائی، کپیٹل مارکیٹ، کلچر، امیگریشن اور دیگر اہم شعبوں میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون کوفروغ ملے گا۔
جہلم چیمبر کے سینئرنائب صدر مظہر اکرام نے کہا کہ ہم اپنی تاجر برادری کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جہلم کے تاجر بیرونی منڈیوں تک رسائی حاصل کر یں اور اپنے کاروبار کو فرو غ دیں یہ معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
کینیڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے بشریٰ رحمٰن نے کہا کہ مظبوط معیشت کسی بھی ملک کے لیے اہم کردار کرتی ہے۔