جہلم شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے لئے دو چیک پوسٹیں قائم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی ہدایت پر جہلم شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے لیے گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول اور ٹاہلیانوالہ کے مقام پر دو چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔
چیک پوسٹ قائم کرنے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ڈمپر یا ٹرک جہلم شہر کی حدود میں داخل نہ ہو، چیک پوسٹں پر تھانہ سٹی، سول لائنز اور صدر کے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ڈمپر/ ٹرک مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، گاڑیوں کو ضبط کرنے کے ساتھ مقدمات کا اندراج کیا جائے گا، تمام ڈمپرز مالکان کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں اور شہر کی حدود سے گزرنے سے گریز کریں تاہم شہر میں زیر تعمیر سڑکوں، ہسپتالوں یا دیگر سرکاری عمارتوں سمیت مختلف تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے ڈمپر شہر کی حدود میں داخل ہو سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے کچھ دن پہلے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں پرانی جی ٹی روڈ شاندر چوک سے جادہ چوک، میجر اکرم شہید روڈ، نیا محلہ روڈ، العصریہ روڈ، عبدالستار ایدھی روڈ جی ٹی ایس چوک تا جہلم بس سٹینڈ، سول لائنز روڈ، کریم پورہ روڈ، غلام احمد روڈ جادہ سے کالا گجراں تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔