موسم میں تبدیلی؛ جہلم میں وبائی امراض کھانسی، نزلہ، زکام، بخار وغیرہ تیزی سے پھیلنے لگا

0 26

جہلم: شہر اور گردونواح میں وبائی امراض، کھانسی، نزلہ، زکام، بخار وغیرہ تیزی سے پھیلنے لگا۔ شہر میں رات و صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے سبب موسم تبدیل ہو چکا ہے۔ بچوں پر اس موسم کی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں اچانک موسم کی تبدیلی کے سبب ہونے والی وبائی امراض کے جراثیم تیزی سے پھیل رہے ہیں اور شہری ایک مرتبہ پھر دواخانوں اور ہسپتالوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ شہری علاقوں میں رات دیر تک دواخانوں میں مریضوں کی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے۔

شہر کے مختلف مقامات پر بچوں کے ان امراض میں مبتلاء ہونے کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ موسم میں ہونے والی تبدیلی کے اثرات بچوں کی صحت پر رونما ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں کمی اور دن میں گرمی کے سبب جو صورتحال پیدا ہو رہی ہے اس کے مضر اثرات انسانی صحت پر مرتب ہو رہے ہیں۔

ماہرین صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی اور سردی میں غیر معمولی اضافے و تبدیلی موسم کے دوران بچوں کی صحت کے متعلق احتیاط برتنے کی ضرورت ہے علاوہ ازیں موسم کی تبدیلی کا اثر جسم کی دفاعی صلاحیتوں پر بھی ہوتا ہے اسی لئے ایسے موسم میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کوکافی محتاط رہنا چاہئے۔

سول ہسپتال کے شعبہ اطفال کے ماہرڈاکٹر نعیم غفار کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں بچوں کی خصوصی نگہداشت کی جانی ضروری ہے کیونکہ بچوں کی صحت پر دھوپ کی گرمی اور ٹھنڈی ہواؤں کے سبب مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہسپتالوں سے رجوع کرنے والے بیشتر مریضوں کی شکایات میں بخار‘ سردی‘ کھانسی ، نزلہ، ذکام جیسے امراض شامل ہیں جو عام مرض کی طرح ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ بیماری کی صور ت میں فوری اپنے معالج سے رجوع کریں تاکہ بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.