عام انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو تحریک 10 ماہ تک بھی جاری رہے گی۔ چوہدری غلام احمد زمرد

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا ہے کہ الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو تحریک 10 ماہ تک بھی جاری رہے گی۔
دور دراز کے علاقوں سے آئے ہوئے ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانے میں کسی کو رخنا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ آج ملک پاکستان پوری دنیا میں تماشا بنا ہوا ہے غریب کیلئے علاج کی سہولتیں ناپید ہو چکی ہیں بچوں سے تعلیم چھین لی گئی ہے، ملک کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ملکی سیاست کی نئی راہیں متعین کرے گابلکہ عمران خان کے کامیاب لانگ مارچ سے امپورٹڈ حکمرانوں کی نیند یں حرام ہو چکی ہیں، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ملک وقوم کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان امپورٹڈ حکمرانوں سے کبھی بھی مذاکرات نہیں کر ینگے ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ فی الفور انتخابات کی تاریخ دی جائے تا کہ پوری قوم نئی قیادت کا جمہوری طریقے سے ووٹ کے ذریعے چناؤ کر سکے۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں قوم حقیقی آزادی مارچ کی جنگ آخری حد تک لڑیں گی ملک کو لوٹنے والوں کوان کے انجام تک پہنچانے کیلئے جد و جہد جاری رہے گی اس حکومت کا اب جانا ٹھہر چکا ہے قوم آج بھی پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آ ئند ہ بھی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پی ڈی ایم اقتدار پر مسلط رہے گی قوم کیلئے ہردن مشکلات بڑھتی رہیں گی۔جیسا کہ سردیوں کے آغاذ سے قبل ہی امپورٹڈ حکمرانوں نے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی نوید سنادی ہے سردیوں میں پہلی مرتبہ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی سہولت غریب سفید پوش طبقہ سے چھین لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود وطن عزیز کے عوام کو پرانی قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرکے ماہانہ اربوں روپے منافع کمایا جا رہاہے ۔