وزیراعلیٰ پنجاب اساتذہ اور اے ای اوز کو فوری طور پر مستقل کرنے کا اعلان کریں۔ احسان الٰہی شاکر

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب سیکنڈری سکول ایجوکیٹرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو فوری طور پر مستقل کرنے کا اعلان کریں۔ پنجاب بھر کے SSE اساتذہ اور AEOsگزشتہ 8سال سے مستقل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پنجاب ایجوکیٹرزایسوسی ایشن جہلم کے ضلعی صدراور SSE اساتذہ کے ضلعی فوکل پرسن احسان الٰہی شاکر نے تنظیمی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس اور صوبائی وزیر راجہ بشارت نے اس سلسلے میں تمام قانونی پیچیدگیاں دور کرکے ہماری مستقلی کی سمری فارورڈ کردی تھی اس کے بعد بھی طویل عرصہ گزر چکا مگر ابھی تک ہمیں مستقل نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھرکے SSE اساتذہ اور AEOs مستقل نہ ہونے کے باعث شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ اس پریشانی کے باعث وہ طلباء و طالبات کی تدریس پر بھی مکمل طور پر توجہ نہیں دے پا رہے۔اس لیے وزیر اعلیٰ پنجاب اس معاملے کا نوٹس لے کر فوری طور پر ہمیں مستقل کرنے کا اعلان کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مستقلی کی سمری اس وقت چیف سیکرٹری آفس میں موجود ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ذاتی دلچسپی لے کر اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اگر حکومت پنجاب نے اس معاملے پر موجودہ خاموشی کا سلسلہ جاری رکھا تو ہم پنجاب بھرکے سکولوں میں تدریسی بائیکاٹ کرکے احتجاج کا راستا اپنانے پر مجبور ہوجائیں گے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ مبشر عباس شاہد، سعید اختر، اظہر سلطان، محمد رفیع، وقار کاظمی، شاہد سکندر، انزک محمود اور کامران یوسف بھی موجود تھے۔