عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ضلع جہلم میں پی ٹی آئی کے مقامی قائدین اور کارکنان کے مظاہرے

جہلم: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پرگز شتہ روز ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف شہر سمیت ضلع بھر میں پی ٹی آئی کے مقامی قائدین اور کارکنان نے بھرپور مظاہرے کئے،، جادہ چوک، شاندار چوک، دینہ، سوہاوہ، پنڈدادنخان سمیت دیگر مقامات پر عہدیداران کی زیر قیادت عمران خان کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کئے گئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ عمران خان کے آذادی مارچ کے دوران گوجرانو الہ کے علاقے میں کئے گئے قاتلانہ حملے پر نہ صرف پا کستانی قوم بلکہ پوری دنیا میں عوامی سطح پر بھرپور مذ مت کی جارہی ہے، عمران خان کے آذادی مارچ نے وفاقی حکومت کو بھاگنے پر مجبور کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے بھر پور منصوبہ بندی کر کے عمران خان پر مبینہ طور پر آمنے سامنے فائرنگ کروائی، جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اور واضح اعلان کرتے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ صورتحال میں جو بھی فیصلے کیئے جائیں گے ، ہم عمران خان کی قیادت میں ان فیصلوں پر عمل پیرا ہوں گے۔
دریں اثناء جہلم کے سابق پی ٹی آئی کے عہدیداران ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال نے جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے تمام عہد یداران و ممبران نے قائدین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کی۔
اس موقع پر راجہ یاور کمال نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عمران خان کے شانہ بشانہ اپنی سیاسی جدو جہد پوری طرح جاری رہیں گے اور اس طرح کی کارروائیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں۔