جہلم آتے ہوئے دلہا بارات سمیت ٹریفک میں پھنس گیا، دلہن کی ایک جھلک دیکھنے کو بیتاب

جہلم: سرگودھا سے جہلم آنے والی بارات سرائے عالمگیر میں ٹریفک کی لمبی قطاروں میں پھنس گئی، دلہا دلہن کی ایک جھلک کو دیکھنے کے لیے بیتاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دلہا باراتیوں سمیت گاڑیوں کی لمبی قطاروں میں پھنس گیا، دلہے نے گاڑی سے نکل کر احتجاج کیا۔ دلہا خاور اقبال کا کہنا ہے کہ 2 گھنٹوں سے روڈ پر ہی ذلیل وخوار ہو رہے ہیں، ہر طرف سے راستہ بند ہے، ہماری ساری گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
دلہے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو بھی ہو جائے ہر صورت دلہن لے کر ہی گھر واپس جائیں گے۔ پریشانی یہ ہے کہ میرج ہال میں 1 بجے دوپہر کو پہنچنا تھا لیکن تاحال پہنچا نہیں جاسکا۔ انہوں نے بارات سرگودھا سے جہلم لے کر آنی تھی۔
یاد رہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے روڈ بلاک کر رکھا تھا، کارکنوں کا احتجاج جاری تھا۔