میونسپل کمیٹی جہلم کی حدود میں بھاری ٹریفک، ٹرک اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے، عوامی زندگیوں اور سڑکوں کے تحفظ کے لیے صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک میونسپل کمیٹی کی حدود میں کسی بھی قسم کی بھاری ٹریفک، ٹرک اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
میونسپل کمیٹی جہلم کی حدود میں ہیوی ٹریفک کو رات 10 بجے سے لے کر صبح 7 بجے کے درمیان گزرنے کی اجازت ہو گی۔
مندرجہ ذیل سڑکوں پر کسی بھی اوقات کار میں ہیوی ٹریفک گزرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ ان سڑکوں میں اولڈ جی ٹی روڈ، شاندار چوک سے جادہ چوک، میجر اکرم شہید روڈ، نیا محلہ روڈ، الاثریہ روڈ، عبدالستار ایدھی روڈ، جی ٹی ایس چوک تا جہلم بس سٹینڈ، سول لائنز روڈ، کریم پورہ روڈ، غلام احمد روڈ جادہ سے کالا گجراں شامل ہیں، یہ حکم نامہ فی الفور نافذ العمل ہو گا۔