جہلم میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، اشیاء خوردونوش بھی عوام کی دسترس سے باہر

جہلم: سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، اشیاء خوردونوش بھی عوام کی دسترس سے باہر، غریب مزدور اور محنت کش طبقہ پر پریشان حال، عوامی حلقوں کا وزیر اعلی پنجاب، کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ، پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس کو فعال کرنے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں سبزیاں اور پھل عوام کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں، مارکیٹ کمیٹیوں کی طرف سے تعین کردہ قیمتوں کے برعکس دکاندار من مرضی کے نرخ مقرر کرکے مصنوعی مہنگائی پیدا کیے ہوئے ہیں۔
شہریوں نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اشیاء خوردونوش بغیر نرخ نامے آویزاں کئے فروخت کی جارہی ہیں ہر دکاندار نے الگ الگ نرخ مقرر کررکھے ہیں۔ گھی، کوکنگ آئل، چینی ،دالیں،اور چاول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ انتظامی افسران سب اچھا ہے کی رپورٹس پیش کر نے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے دکانداروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
بے روز گاری اور مہنگائی کے ستائے عوام ہر آنے والی حکومت کی طفل تسلیوں سے تنگ آچکی ہے۔ گھریلو استعمال والی چیزوں کی قیمتیں کنٹرول کرنا پنجاب حکومت کا کام ہے لیکن کہیں عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا ۔ بجلی و گیس کے بلوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ عوام کی خیر خواہ حکومت جس کو عوام کا درد ہو جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکیں تا حال سالہا سال گزرنے کے باجود برسراقتدار نہیں آسکی۔
دوسری جانب دکانداروںکا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور مارکیٹ کمیٹی کی عدم دلچسپی کیوجہ سے سبزی و فروٹ منڈی میں آڑھتیوں نے من مرضی کے نرخ مقرر کررکھے ہیں جس کیوجہ سے کوئی بھی دکاندار سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیاء خوردونوش فروخت نہیں کر سکتا۔ متعلقہ ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح سبزی و فروٹ منڈیوں میں اپنی موجودگی میں بولیاں کروائیں تاکہ دکاندار سستی اشیاء خرید کر حکومت پنجاب کے مقررہ کردہ نرخوں کے مطابق سبزیاں و پھل فروخت کر سکیں۔