ضلع جہلم میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچانے کے کیے خود انکی نگرانی کر رہا ہوں۔
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اشتیاق نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے اجلاس میں شریک متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں سے عوام تا دیر مستفید ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بلال ٹاؤن کی گلیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دینہ اور بلال ٹاؤن میں سیوریج کے مسائل کو بھی جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے افسران و سٹاف کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں، شہر کے تمام حصوں میں صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔