جہلم کے مدرسہ میں بچے سے بدفعلی کی کوشش کرنے والے استاد کو 14 سال قید کی سزا

جہلم کے مدرسہ میں بچے سے بدفعلی کی کوشش کرنے والے استاد کو 14 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی، مجرم نے 7 ماہ قبل مدرسہ میں 11 سالہ بچے سے بدفعلی کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہباز حسین کی عدالت میں زیر سماعت 27 سالہ مدرسہ کے استاد سید غنی شاہ ولد سید اکرم شاہ ساکن شیرین کوٹے تحصیل و ضلع نوشہرہ کو 377-B کا مجرم قرار دیتے ہوئے چودہ (14) سال کی قیدبامشقت کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بامشقت بھگتنا پڑے گی۔ انسداد عصمت دری (تحقیقات اور مقدمہ) ایکٹ 2021 کے سیکشن 17 کے تحت ایک لاکھ روپے معاوضہ ریلیف کے طور پر بھی ادا کرے گا۔
یاد رہے کہ مجرم نے 7 ماہ قبل مدرسہ حنفیہ حبیبیہ تعلیم القرآن نزد شیشہ گراؤنڈ میں 11 سالہ بچے کو مدرسے کی بالائی منزل میں لے گیا جہاں اس نے بچے کو بے لباس کیا اور اس کے ساتھ بیہودہ حرکتیں کرنا شروع کر دیں اور دھمکی دی کہ اگر اس بابت کسی سے ذکر اذکار کیا تو تمہیں جانی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
متاثرہ بچے کے والد محمد کاشف قریشی کی درخواست پر تھانہ سٹی نے تعزیرات ِ پاکستان کی دفعہ 367A اور 377B ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم قاری سعید غنی شاہ کو گرفتار کر لیا تھا جہاں مجرم نے دورانِ تفتیش اقبال جرم بھی کر لیا تھا۔